6 جنوری 2013 - 20:30

اسلام آباد ... مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے ملی یکجہتی کونسل کے سربراہ جماعت اسلامی کے سابق امیرقاضی حسین احمد کے انتقال پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کرتے ہوئے اسے ایک قومی نقصان قرار دیا ہے.

ابنا: مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹریٹ سے جاری ہونے والے ایک تعزیتی بیان میں انہوں نے کہا کہ قاضی حسین احمد کی زندگی جہد مسلسل سے عبارت تھی ، مرحوم اتحاد بین المسلمین کے علمبرادار تھے ،ا نہوں نے ملت اسلامیہ کو وحدت کی لڑی میں پرونے کے لیے مثالی کردار ادا کیا ، علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ مرحوم نے متحدہ مجلس عمل کے پلیٹ فارم سے پارلیمانی لیڈر کا موثر کردار ادا کرنے کے ساتھ اسلامی ممالک کے مسائل کے حل کے لئے بھی اہم کردار ادا کرنے کے ساتھ ساتھ مثالی خدمات سرانجام دیں،ملی یکجہتی کونسل کے پلیٹ فارم سے امت مسلمہ کے تمام مکاتب فکر کو متحد کرنے کے لیے سرگرم عمل رہے ، اور ہر اہم قومی ایشو پر عوام کی ترجمانی کا فریضہ سر انجام دیا ، مجلس وحدت مسلمین ان کے سانحہ ارتحال پر جماعت اسلامی کے قائدین ، کارکنوں اور مرحوم کو لواحقین کو تعزیت پیش کرتی ہے اور مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے دعا گو ہے ۔

.......

/169